حرف کا بیان
کلمہ کی تین قسمیں ہیں
(1) اسم (2) فعل ( 3 ) حرف
حرف کا بیان
حرف:وہ کلمہ ہے جو اسم یا فعل سے مل کر اپنے معنیٰ کو بتاۓ اکیلا کوئی معنیٰ نہ دے ۔ جیسے کو، سے، تک، پر وغیرہ
حرف کی دو قسمیں ہیں
(1) ہجا (2) معنوی
ہجا: اردو قواعد کا وہ حصہ ہے جس میں حروف تہجی کے متعلق معلومات فراہم کرائی جاتی ہے- حروف کے حرکات، سکنات، مخرج اور اعراب وغیرہ کی جانکاری شامل ہوتی ہے۔
حروف معنوی کی چار قسمیں ہیں
(1) حروف ربط (2) حروف تخصیص
(3) حروف عطف (4) حروف فجائیہ
حروف ربط: وہ حرف جو اپنے ما قبل سے اپنے بعد کے لفظ کا تعلق ظاہر کرے۔ اس کو حرف جار بھی کہتے ہیں۔چونکہ ایک لفظ کے معنیٰ کو کھینچ کردوسرے لفظ سے ملاتے ہیں اس لیے ان کو حروف جار کہتے ہیں۔اور جس لفظ سے وہ ملاتے ہیں انھیں مجرور کہتے ہیں۔
اردو میں مندرجہ ذیل حروف ربط (حروف جار) ہیں
(الف) حروف علامت :۔ "نے "علامت فاعل ہے جیسے۔ جاوید نے کہا
"سے کہو" علامت مفعول ہے جیسے احمد سے کہو
(ب) حروف اضافت:۔ جیسے کا ، کی ، را ، ری، رے ، نا ، نی ، نے
(ج) حروف ظرف :۔ جیسے تک ، پر ، سے ، میں ، اوپر وغیرہ
(د) چند طرح کے حروف ربط:۔ آگے ، پیچھے ، پاس ، لئے
(ہ) فارسی اور عربی کے حروف ربط بھی ارود میں مستعمل ہیں جیسے۔ اندر ، نذدیک ،
بغیر ، درمیان ، طرح ، سوا ، قبل ، برابر وغیرہ
حروف تخصیص: حروف تخصیص وہ حروف ہیں جو اسم یا فعل کے ساتھ مل کر خصوصیت کے معنیٰ دیتے ہیں۔ بس ، یا ، ہی، صرف ، پر ، ہر ، وغیرہ جیسے ۔۔ احمد میرا ہی نام ہے، میں تو صرف تم سے ہی ملنے آیا تھا
(3) حروف عطف: وہ ہیں جو دو کلموں یا دو جملوں کو ایک محکم میں شامل کرتے ہیں۔ جیسے ۔ قلم اور کاغذ لاؤ
نوٹ: حرف عطف سے پہلے جو لفظ یا جملہ ہو وہ معطوف الیہ اور بعد میں جو لفظ یا جملہ ہو وہ معطوف ہے۔
(4) حروف فجائیہ:جوش و جذبہ کے موقع پر جو حروف منھ سے بے ساختہ نکلتے ہیں وہ حروف فجائیہ کہلاتے ہیں۔
مختلف کیفیات کی بنا پر اس کے مختلف حروف ہیں۔
حروف افسوس:۔جو افسوس کے موقع پر بولے جاتے ہیں۔ جیسے۔ ہائے ہائے ، افسوس ،حیف ،ہے ہے ،
حروف ندا:۔جو پکارنے کے موقع پر بولتے ہیں۔جیسے۔ آے ، ارے ، ابے ، اجی
حروف تحسین :۔ جو تعریف کے اظہار کے لئے بولتے ہیں۔ جیسے اوہو ، واہ واہ ، مرحبا ، زہے ، شاباش ، سبحان اللہ ، ماشااللہ ، اللہ اللہ ، خوش رہو
حروف نفریں :۔ جن سے نفرت کا اظہار ہو ۔ جیسے ۔ تف ، لا حول ، اخ تھو، چھی چھی ، توبہ توبہ ، اسغفراللہ ( تف اس زندگی پر ، لا حول تمہاری عقل پر)
حروف تعجب :۔ ایسے کلمات ہیں جو حیرت اور تعجب کے وقت زبان سے نکلتے ہیں ۔ جیسے ۔ اللہ اکبر ، اللہ اس کی شان ، اللہ اللہ شباب کا عالم ، اللہ رے تیری بےنیازی، اے ہے یہ کیا ہو گیا
حروف تاکید:۔ حروف تاکید ایسے کلمات ہیں جو کلام پر زور دینے کے لئے بولے جاتے ہیں۔ جیسے ۔ کل ، ہاں ، ہرگز ، ضرور ، پر ( ہرگز یہ کام نہ کرو ، کل میں ضرور آؤں گا)
حروف ایجاب:۔حروف ایجاب ایسے کلمے ہیں جن سے اقرار ظاہر ہو ۔ جیسے بجا ، درست ، صحیح ، کیوں نہیں ،ہاں ، سر آنکھوں پر ( ہاں میں حاضر ہوں ، آپ کا حکم سر آنکھوں پر)
حروف نفی:۔ حروف نفی وہ کلمہ ہے جس سے انکار ظاہر ہوں۔ جیسے۔ نہ اور نہیں حروف نفی ہے ( جیسے ۔ وہ نہ آیا، اس نے نہیں لکھا ہے)
Comments
Post a Comment